02/08/2026
مانسہرہ کے علاقے بیدرہ چوک، کرکلا میں رشتے کے تنازع پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں تین بھائی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق نذیر، قصیر اور فیصل نامی تینوں بھائیوں کو گولیاں لگیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 مانسہرہ نے فوری طور پر دو ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ کی۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد پولیس کی موجودگی میں تینوں افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ذمہ دار افراد کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔ واقعے کی اصل وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکیں گی۔