01/06/2026
پاکستانی موسیقی کے ایک بہت بڑے مربی اور فنکاروں کے محسن جناب عزت مجید صاحب اپنے سفر آخرت پر روانہ ہوگئے۔ انہوں نے سچل سٹوڈیو کے پلیٹ فارم سے فن گلوکاری کی جو خدمت کی وہ اس ملک کا کوئی دوسرا صاحب ثروت نہ کرسکا اور شاید ہی کوئی اور اتنا کچھ کر سکے۔ انہوں نے غریب اور محروم فنکاروں کو اتنا نوازا اور ان کی اس طرح سرپرستی کی جیسے کسی زمانے میں بادشاہ اور راجے کیا کرتے تھے۔ مجھے ان کے اور ان کی اہلیہ نور کے ساتھ کچھ لمحات گذارنے کا موقع ملا۔ ماڈل ٹاؤن میں ان کا خوبصورت گھر دوستوں کی محفلوں کیلئے مشہور تھا۔ وہ زیادہ دوست نہیں بناتے تھے لیکن جس کو بھی بناتے اسے ان کی دوستی پر ناز ہوتا تھا۔ زندگی کے آخری 6 سال انہوں نے اپنی بیماری کے باعث خاموشی سے گذارے اور اسی خاموشی میں چپکے سے راہی ملک عدم ہوئے۔ ان کا جنازہ بدھ کی شام 5 بجے ایف بلاک ماڈل ٹاؤن کی مسجد میں ادا کیا جائے گا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔