19/05/2026
اقبال اکادمی پاکستان اورگورنمنٹ اپوا کالج برائے خواتین کے اشتراک سے ’’معرکہ حق و آپریشن ’بنیانِ مرصوص‘ اور ’یومِ تکبیر‘‘ کے حوالے سے پُر وقار سیمینار کا انعقاد
اقبال اکادمی پاکستان اور گورنمنٹ اپوا کالج برائے خواتین، لاہور کے باہمی اشتراک سے ’’معرکہ حق و آپریشن ’بنیانِ مرصوص‘ اور ’یومِ تکبیر‘‘ کے حوالے سے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد اپوا کالج کے مرکزی ہال میں کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، پنجاب تجمل عباس رانا نے کی جبکہ ڈی پی آئی کالجز، پنجاب پروفیسر ڈاکٹر سید عنصر اظہر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔اظہار تشکر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی(ستارۂ امیتاز) جب کہ خطبہ استقالیہ پرنسپل اپوا کالج برائی خواتین لاہور ،ڈاکٹر ناعمہ خورشید نے پیش کیا۔ مہمان مقررین ایئر وائس مارشل (ر) انور محمود خان،بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر وحید الزمان طارق،ایئر کموڈور (ر)خالد چشتی،چیئرمین شعبہ فارسی،ڈاکٹر محمد ناصرشامل تھے۔
جناب خالد چشتی نے اپنے خطاب کے دوران "آپریشن بنیانِ مرصوص" کے عسکری پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے لیے طالبات اور شرکاء کو خصوصی سلائیڈز (Slides) دکھائیں۔ انہوں نے سلائیڈز کی مدد سے آپریشن کی کامیابی، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کی حکمتِ عملی کو تفصیل سے واضح کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال کا کلام اور ان کا فلسفہِ خودی ہمارے غازیوں اور شہیدوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہا ہے۔28 مئی کا دن ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کا دن ہے۔ پاکستان نے عالمی دباؤ کے باوجود اپنے دفاع اور خود داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔نوجوان طبقہ ملکی دفاع اور ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کے لیے اقبال کے شاہین کے جذبے کو خود میں بیدار کریں۔ ’’بنیانِ مرصوص‘‘ (سیسہ پلائی ہوئی دیوار) کا عملی نمونہ ہماری افواج نے ہر محاذ پر دکھایا ہے، اور جب جذبہ ایمانی جوان ہو تو وسائل کی کمی کبھی رکاوٹ نہیں بنتی۔
سیمینار کے اختتام پر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان، ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی (ستارہ امتیاز) نے تمام معزز مہمانوں، دفاعی ماہرین اور کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال اکادمی پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر علامہ اقبال کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کے اپنے مشن کو جاری رکھے گی۔