18/01/2026
کوٹچھٹہ: غیرقانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن، قدیمی گونگے والے ہوٹل کے تھڑے بھی مسمار
کوٹچھٹہ میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹچھٹہ کے احکامات پر غیرقانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف تھلیاں اور تھڑے توڑ دیے گئے۔ اس کارروائی کی زد میں ایک قدیمی اور مشہور گونگے والا ہوٹل بھی آ گیا، جس کے تھڑے مسمار کر دیے گئے۔
مقامی شہریوں کے مطابق گونگے اور بے زبان افراد اس ہوٹل کے ذریعے اپنے اہلِ خانہ کا رزق کماتے تھے۔ تھڑے توڑے جانے سے ان کا واحد ذریعہ معاش چھن گیا، جسے شہری حلقے زیادتی کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ مذکورہ ہوٹل سڑک سے تقریباً پچاس فٹ سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی معیار کو مدنظر رکھا جائے تو جھوک روڈ کے سامنے موجود متعدد دکانیں بھی تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں، جن پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹچھٹہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بے زبان اور معذور افراد پر رحم کرتے ہوئے اس معاملے کا ازسرِ نو جائزہ لیں اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کریں۔
عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی ضرور کی جائے، مگر اس میں انسانی ہمدردی اور انصاف کو بھی ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔