16/05/2026
کاٹلنگ: باییزی اصلاحی جرگہ کی بڑی کامیابی، قتل و زخمی کے تنازعے کا خوش اسلوبی سے خاتمہ
تحصیل کاٹلنگ میں باییزی اصلاحی جرگہ نے ایک اہم اور دیرینہ تنازعے کو خوش اسلوبی سے حل کرکے علاقائی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کردیا۔ چند ماہ قبل دو فریقین کے درمیان دیوار کے تنازعے پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور بے چینی پائی جارہی تھی۔جرگہ مشران ناظم مراد علی ساکن قاسمی، محمد شیر ساکن کوپر اور بلال خان نے مسلسل کوششیں کرتے ہوئے دونوں فریقین کے ساتھ کئی نشستیں کیں، جس کے بعد آخرکار دونوں خاندان صلح پر آمادہ ہوگئے۔ راضی نامہ کی باقاعدہ تقریب قاسمی مسجد میں منعقد ہوئی جہاں دونوں فریقین نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر آئندہ بھائی چارے اور امن کے ساتھ رہنے کا حلف اٹھایا۔تقریب میں دونوں خاندانوں کے افراد، علاقہ مکین، علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت تھانہ خرکی پولیس اور ایس ایچ او ساجد خان نے بھی شرکت کی۔ جرگہ مشران نے دونوں فریقین کو آپس میں بغلگیر کرا کر دشمنی کو دوستی میں بدل دیا، جس پر شرکاء نے جرگہ کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر ناظم مراد علی، محمد شیر اور بلال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرگہ سسٹم پشتون معاشرے کی ایک مضبوط روایت ہے، جس کے ذریعے بڑے بڑے تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک بڑا خونریز تنازعہ جرگہ کی بدولت ختم ہوگیا اور علاقے میں امن کی نئی فضا قائم ہوئی۔ایس ایچ او ساجد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس ہمیشہ علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے جرگہ مشران کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں بھائی چارے، برداشت اور امن کو فروغ دیتے ہیں۔