27/07/2026
دونوں جہان کے سردار حضرت محمد ﷺ کی والدۂ ماجدہ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کی قبرِ مبارک
حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا، خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی والدۂ ماجدہ تھیں۔ آپ کا تعلق قریش کے معزز خاندان سے تھا اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو نبی کریم ﷺ کی والدہ ہونے کا عظیم شرف عطا فرمایا۔
رسول اللہ ﷺ کی ولادت سے پہلے ہی آپ کے والد حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کا انتقال ہو چکا تھا۔ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا نے صبر، محبت اور شفقت کے ساتھ اپنے لختِ جگر کی پرورش فرمائی۔ بعد ازاں عرب کے رواج کے مطابق نبی کریم ﷺ کو ابتدائی پرورش کے لیے حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کے سپرد کیا گیا۔
جب رسول اللہ ﷺ کی عمر مبارک تقریباً چھ سال تھی تو حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا آپ ﷺ کو ساتھ لے کر مدینہ منورہ تشریف گئیں۔ واپسی پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان واقع مقامِ ابواء میں آپ کا وصال ہوا، اور وہیں آپ کی تدفین عمل میں آئی۔
روایات کے مطابق بعد میں رسول اللہ ﷺ مقامِ ابواء تشریف لے گئے۔ اپنی والدہ کی قبر کے پاس حاضری دی تو آپ ﷺ کی مبارک آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ یہ ایک عظیم بیٹے کی اپنی والدہ سے بے مثال محبت، احترام اور وفاداری کا دل کو چھو لینے والا منظر تھا، جس نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی رنجیدہ کر دیا۔
حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کی زندگی صبر، ایثار، محبتِ مادر اور اعلیٰ کردار کی روشن مثال ہے۔ اسلامی تاریخ میں آپ کا نام ہمیشہ عزت، احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔
ﷺ