16/06/2026
واٹس ایپ ویب کا بڑا سرپرائز، اب 32 افراد کے ساتھ گروپ کال ممکن
واٹس ایپ نے اپنے ویب ورژن کے صارفین کے لیے ایک اہم اور طویل عرصے سے منتظر فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ویب کے بیٹا ورژن میں اب گروپ وائس اور ویڈیو کالز کی سہولت شامل کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل ویب ورژن میں صرف ون آن ون وائس اور ویڈیو کالز دستیاب تھیں، تاہم اب صارفین گروپ چیٹس کے اندر بھی آڈیو اور ویڈیو کالز کر سکیں گے۔
نئے فیچر کے تحت ایک گروپ کال میں 32 افراد تک شامل ہو سکیں گے جبکہ تمام کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ صارفین گروپ کال کے دوران اسکرین شیئرنگ بھی کر سکیں گے، جس سے آن لائن میٹنگز اور رابطے مزید آسان ہو جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق گروپ کالز کے لیے کال لنکس بھی استعمال کیے جا سکیں گے، جن کے ذریعے دیگر افراد کو کال میں مدعو کیا جا سکے گا۔ ہر کال لنک منفرد اور محفوظ ہوگا جبکہ اگر اسے استعمال نہ کیا جائے تو وہ 30 دن بعد خودکار طور پر ایکسپائر ہو جائے گا۔
فی الحال یہ سہولت محدود بیٹا صارفین کو دستیاب ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واٹس ایپ جلد اسے دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے جاری کر دے گا۔