20/05/2026
صبح کا آغاز کتنے بجے ہوتا ہے؟
کچھ خبر نہیں۔۔
چڑیوں کی چہکار پر فجر پڑھ کر
اکیلے ہی خاموشی سے
نوکری پر جانے کی تیاری ہوتی ہے۔۔۔
ناشتے میں کیا لینا ہے؟
کچھ ٹھنڈا کھانا ہے یا گرم؟
اس جھمیلے میں پڑھنے کی بجاۓ
بھوک ہی ناشتے میں لے لی جاتی ہے
کولیگز کا حال پوچھنے پر
خاموشی سے اثبات میں سر ہلا دیا جاتا ہے
آفس سے واپسی پر
کمرے کہ دیواروں سے لٹکتی تنہائی
اور رقص کرتی اداسی کا سلام
قبول کرتے ہوۓ
تھکن دوگنی ہو جاتی ہے
شام ہوتے ہی کمرے کو چھوڑ کر
ٹیرس میں کھڑے ہو کر
دل کے ڈوبنے تک
سورج بھی خاموشی سے
ڈوب ہی جاتا ہے۔۔۔
فون پر کس کے،
کب اور کتنے میسج آۓ؟
کس نے مس کالز کیں؟
یہ جان کر بھی خاموشی سے
لاعلمی کا اظہار کرنا معمول ہے
عجیب دکھ ہے کہ
وقت بھی اسکا علاج
"خاموشی" ہی بتاتا ہے
اور ایک مدت سے میں نے
چپ کو اتنا اوڑھ لیا ہے کہ
اندیشہ ہے کہیں
مجھے خاموشی کا کینسر
لاحق ہو جاۓ گا۔۔۔
عنیزہ غفور
urdu
Follow the Aneeza Grpahics channel on WhatsApp: https://whatsapp.com/channel/0029Vaf3b9tKbYMK1h05zX0U