11/08/2026
14 اگست — ایک سوال اپنے آپ سے
14 اگست صرف جشن منانے، پرچم لہرانے اور ملی نغمے سننے کا دن نہیں، بلکہ یہ دن ہمیں اپنے آپ سے ایک اہم سوال کرنے کا موقع بھی دیتا ہے:
ہم نے پاکستان سے کیا حاصل کیا، اور پاکستان کو کیا دیا؟
ہماری تاریخ میں بے شمار ایسے لوگ گزرے ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیت، علم، وقت اور دولت کو پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے وقف کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان، عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر عبدالسلام جیسے لوگ اس کی روشن مثال ہیں۔ کسی نے ہسپتال بنائے، کسی نے تعلیمی ادارے قائم کیے، کسی نے تحقیق میں ملک کا نام روشن کیا، اور کسی نے کھیل، ادب، فن اور دوسرے شعبوں میں پاکستان کو دنیا میں پہچان دی۔
لیکن آج ہمیں ایک سوال اپنے آپ سے بھی کرنا چاہیے:
اگر آپ ڈاکٹر ہیں، تو آپ کی ذات سے کتنے مستحق پاکستانیوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے؟
اگر آپ استاد ہیں، تو کیا آپ اپنے طالب علم کو وہی توجہ دے رہے ہیں جس کا وہ حق دار ہے؟
اگر آپ صحافی ہیں، تو کیا آپ نے واقعی صحافت کا حق ادا کرتے ہوئے اپنی قوم کی آواز دنیا تک پہنچائی؟
اگر آپ شاعر، ادیب، رائٹر، ڈرامہ نگار یا فنکار ہیں، تو کیا آپ نے اپنی صلاحیت کو معاشرے کی بہتری اور پاکستانیوں کے فائدے کے لیے استعمال کیا؟
اگر آپ انجینئر، وکیل، تاجر، دکاندار، درزی، موچی، سبزی یا پھل فروش، امامِ مسجد یا کسی بھی شعبے سے وابستہ ہیں، تو آپ اپنے حصے کا کیا کردار ادا کر رہے ہیں؟
ضروری نہیں کہ آپ کوئی بڑا ہسپتال یا یونیورسٹی بنائیں۔
کسی غریب کا علاج مفت یا رعایتی کر دینا، کسی طالب علم کو مفت پڑھا دینا، کسی نوجوان کو ہنر سکھا دینا، کسی ضرورت مند کے لیے آسانی پیدا کر دینا، یا اپنے کام کو ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دینا بھی ملک و قوم کی خدمت ہے۔
اور یہ ذمہ داری صرف قومی سطح تک محدود نہیں۔
اپنے گھر سے باہر نکلیے، اپنے محلے اور اپنے اردگرد دیکھیے۔
کیا کوئی ایسا شخص ہے جسے آپ کی مدد کی ضرورت ہے؟ کیا آپ نے اپنی استطاعت کے مطابق اس کے لیے کچھ کیا؟
اسلام نے ہمیں بھائی چارے اور حقوق العباد کی اہمیت کا احساس دلایا ہے۔ اگر ہم واقعی اس تصور کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو ہمارے معاشرے میں بہت سی مشکلات خود بخود کم ہو سکتی ہیں۔
ہم اکثر کہتے ہیں کہ حکمران اور نظام درست نہیں۔ لیکن ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ ملک صرف حکمرانوں سے نہیں، شہریوں کے کردار سے بھی بنتا ہے۔
ہمیں ذات، برادری، زبان، نسل اور صوبے کی تقسیم سے اوپر اٹھ کر سوچنا ہوگا۔
ہماری سب سے بڑی پہچان — ہم پاکستانی ہیں۔
اگر ہر شخص اپنے حصے کا تھوڑا سا کردار ادا کرے، دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرے اور اپنی صلاحیت کا کچھ حصہ اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرے، تو یہی چھوٹی چھوٹی کوششیں مل کر ایک بڑی تبدیلی پیدا کر سکتی ہیں۔
قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے۔
اس 14 اگست پر صرف یہ نہ پوچھیں:
"پاکستان نے مجھے کیا دیا؟"
بلکہ خود سے یہ بھی پوچھیں:
"میں نے پاکستان کو کیا دیا؟
میری ذات سے پاکستانیوں کو کیا فائدہ پہنچا؟
اور آج سے میں اپنے وطن اور اپنے لوگوں کے لیے کیا کرنے والا ہوں؟"
شاید ایک عظیم پاکستان کی ابتدا
اسی ایک سوال سے ہو۔
اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور ہمیں ایسا عظیم قوم بننے کی توفیق دے جس پر ہماری آنے والی نسلیں فخر کر سکیں۔
🇵🇰 پاکستان زندہ باد